عالمی کرکٹ کپ: پروٹیز اور ونڈیز کے مابین میچ بارش کے باعث تعطل کا شکار

Last Updated On 10 June,2019 03:44 pm

ساؤتھمپٹن (دنیا نیوز) جنوبی افریقہ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، پروٹینز نے 8 ویں‌ اوور کے اختتام پر 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر 29 رنز بنا لئے۔ جنوبی افریقہ نے محتاط انداز میں بٹینگ کا آغاز کیا، ڈوپلیسز اور کونٹن ڈی کوک وکٹ پر موجود ہیں تاہم بارش کے باعث‌ میچ روک دیا گیا۔

 میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 15 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ کے  اوپنرز ہاشم آملہ اور ڈی کوک میدان میں اترے تاہم  ہاشم محض 6 رنز بنا کر کوٹریل کی گیند پر گیل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ ان کے بعد مرکرم آئے لیکن وہ بھی صرف 5 رنز بنا سکے۔ کریز پر ڈوپلیسز آئے جنہوں نے ساتویں اوور کی تیسری گیند تک ڈی کوک کی شراکت میں سکور 29 رنز تک پہنچایا تاہم بارش کے سبب میچ روکنا پڑا۔

عالمی کپ میں اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم دو میچ کھیل چکی ہے اور اس کو ایک میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک تین میچز کھیل چکی ہے اور بدقسمتی سے وہ اب تک ایک میچ بھی نہیں جیت سکی، اسے ابھی تک پہلی فتح کی تلاش ہے۔