ورلڈ کپ: انگلینڈ کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو شکست

Last Updated On 08 June,2019 10:17 pm

کارڈیف: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ کے بارہویں میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو106 رنز سے ہرا دیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے مورگن الیون نے 386 رنز بنائے۔ جیسن روئے نے 153 رنز کی جارحانہ باری کھیلی، بیرسٹو اور بٹلر نے نصف سنچریاں بنائیں۔ ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز 280 رنز بنا سکے۔ شکیب الحسن کی شاندار سنچری رائیگاں گئیں۔

 

انگلینڈ کی اننگز
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے بارہویں میچ میں انگلش ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم 128 رنز پر جونی بیرسٹو 51 سکور بنا کر مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر آئوٹ ہوئے، جوئے روٹ 21 سکور پر محمد سیف الدین کی گیند پر بولڈ ہو گئے اس وقت مورگن الیون کا سکور 205 تھا۔

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں

تیسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین جیسن روئے تھے جنہوں نے جارحانہ اننگز کھیلی۔ بیٹسمین نے 121 گیندوں پر 5 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بنائے اور مہدی حسن میراز کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

چوتھی وکٹ جوز بٹلر کی گری جنہوں نے 44 گیندوں پر 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ کپتان مورگن نے 35 رنز بنائے۔ بین سٹوکس نے 6 رنز بنائے۔ ووکس نے 8 گیندوں پر 18 رنز جبکہ لیام پلنکٹ 9 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے محمد سیف الدین، مہدی حسن میراز نے 2.2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، مستفیض الرحمن، مشرفی مرتضی ایک ایک وکٹ لے سکے۔

بنگلہ دیش کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہ تھا۔ سومیا سرکار دو رنز بنا کر 8 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ تمیم اقبال کی اننگز 19 رنز تک محدود رہی، وکٹ کیپر مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن نے اننگز کو آگے بڑھایا۔

169 کے مجموعی سکور پر مشفیق الرحیم 44 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ محمد مٹھن کی اننگز صفر تک محدود رہی، محمود اللہ 28 سکور تک محدود رہے۔

اس دوران شکیب الحسن نے گراؤنڈز میں چاروں طرف شارٹس کھیلیں اور سنچری مکمل کی۔ 119 گیندوں پر 121 رنز بنا کر بین سٹوکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مصدق حسین 26 رنز بنا سکے۔ دیگر بیٹسمین بھی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 280 پر آئوٹ ہو گئی۔ اس طرح انگلینڈ نے یہ میچ 106 رنز سے جیت لیا۔

انگلینڈ کی طرف سے بین سٹوکس اور آرچر نے 3.3 ، ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ شاندار باری کھیلنے پر جیسن روئے مرد میدان قرار پائے۔