ورلڈ کپ 2019ء: آسٹریلیا جیت گیا، ویسٹ انڈیز کو 15 رنز سے شکست

Last Updated On 06 June,2019 11:58 pm

نوٹنگھم: (دنیا نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو شکست دیدی ہے۔ ویسٹ انڈیز 289 کے ہدف کے تعاقب میں 273 رنز بنا سکی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایس ڈی ہوپ 68، این پوران 40 جبکہ ہولڈر 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ یوں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 289 رنز ہدف کے تعاقب میں 273 بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے اس میچ میں شاندار گیند بازی کی اور 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ دیگر باؤلرز میں کمنز نے دو جبکہ زامپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جنہوں نے 49ویں اوور میں 288 رنز بنائے۔

کینگروز کی جانب سے کولٹر نیل کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 92 رنز بنائے۔

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں

دیگر بلے بازوں میں سمتھ 73، کیری 45 جبکہ سٹوینس 19 رنز کی اننگز کھیل سکے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے بریتھویٹ نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تھامس، کوٹرل اور رسل نے دو دو جبکہ ہولڈر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔