انڈیا کی فتح کے ساتھ ورلڈ کپ میں انٹری، جنوبی افریقا کو شکست

Last Updated On 05 June,2019 10:29 pm

ساؤتھ ہیمٹن: (دنیا نیوز) انڈین ٹیم نے ورلڈ کپ 2019ء میں اپنا پہلا میچ جیت لیا ہے۔ اس جیت میں روہت شرما نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 122 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ساؤتھ ہیمٹن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے انڈین ٹیم کو 228 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جو اس نے سینتالیس اعشاریہ تین اوورز میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ انڈین ٹیم نے 230 رنز بنا کر ورلڈ کپ کی پہلی فتح اپنے نام کی۔

اس جیت میں بھارتی اوپنر روہت شرما نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 144 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 122 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

دیگر بلے بازوں میں شکھر دھون 8، کپتان ویرات کوہلی 18، کے ایل راہول 26 اور دھونی نے 34 رنز بنائے، پانڈیا نے 11 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ربادا نے 2 جبکہ مورس اور پھلوکوائیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوا۔ بھارتی باؤلرز نے شاندار حکمت عملی سے باؤلنگ کروائی اور پروٹیز کو صرف رنز 227 پر محدود کر دیا۔

بھارتی باؤلرز جسپریت بمرا اور بھونیشور کمار نے ابتدائی اوورز میں جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو خاصا پریشان کیا۔ ہاشم آملہ صرف 6 رنز بنا کر جسپریت بمرا کی گیند پر روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد جسپرت بمرا نے ہی دوسرے اوپنر کوئنٹن ڈی کاک کو بھی کوہلی کے ہاتھوں کیچ کروایا، انہوں نے صرف 10 رن بنائے۔

کپتان فاف ڈوپلیسی اور روسی وینڈر ڈوسن نے جنوبی افریقا کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی لیکن انڈین سپنرز نے انھیں سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ یزویندرا چہل نے دونوں کو ایک ہی اوور میں پویلین واپس لوٹا کر انڈیا کی میچ پر گرفت مضبوط کر دی۔

بعد ازاں سپنر کلدیپ یادو نے نئے آنے والے بیٹسمین جے پی ڈومینی کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، انھوں نے صرف تین رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر اور اینڈلے فیفلکوایو نے جنوبی افریقا کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن چہل نے یکے بعد دیگرے دونوں کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقا کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔

ان بلے بازوں کے علاوہ مورس نے 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ربادا نے 31 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے یزویندرا چہل نے 4، بھونیشور کمار اور بمرا نے دو دو جبکہ کلدیپ یادیو نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ پچاس اوورز میں 227 رنز بنائے۔

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں

خیال رہے کہ ابھی تک جنوبی افریقا کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ پہلے میچ میں اسے انگلینڈ نے 104 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں بنگلا دیش نے اسے 21 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کا پہلا اپ سیٹ کیا تھا۔