کرکٹ ورلڈکپ: پاکستان افتتاحی میچ میں ناکام، ویسٹ انڈیز فاتح

Last Updated On 31 May,2019 10:46 pm

لندن: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو با آسانی ہرا دیا۔ قومی ٹیم 105 پر ڈھیر ہو گئی۔ پچاس اوورز کے میچ میں گرین شرٹس صرف 21 اوور کھیل سکی۔ فخر زمان اور بابر اعظم 22.22 رنز بنا سکے۔ دیگر بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ تھامس نے 4 جبکہ جیسن ہولڈر نے 3 شکار کیے۔ ویسٹ انڈیز نے ہدف 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ کرس گیل نے شاندار نصف سنچری بنائی۔ محمد عامر کی کھوئی ہوئی فارم واپس لوٹ آئی، تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کےلئے لنک کو کلک کریں

پاکستان کی اننگز۔۔۔۔۔۔

پاکستان کے اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا، امام الحق زیادہ دیر وقت پر ٹھہر نہ سکے اور صرف 2 رنز بنا کر ٹریل کی گیند کا شکار بنے۔

فخر زمان نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا، مگر وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، انہوں نے ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 22 رنز بنائے اور رسل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

حارث سہیل نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ بھی کوئی پارٹنرشپ بنانے میں ناکام رہے اور 11 گیندوں پر صرف ایک چوکے کی مدد سے 8 رنز بنا کر آندرے رسل کا شکار بنے۔

مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم نے جارحانہ انداز اپنایا مگر وہ بھی ٹیم کو زیادہ دیر تک سہارا نہ دے سکے انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 22 بنائے اور تھامس کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا دی۔

 

قومی کپتان سرفراز احمد ایک چوکے کی مدد سے صرف 8رنز ہی بنا سکے اور جیسن ہولڈر کی گیند کا شکار بنے۔عماد وسیم بھی ایک رنز بنا ہولڈر کا نشانہ بن گئے۔ آل رائونڈر شاداب خان صفر پر تھامس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ حسن علی ہولڈر کا نشانہ بنے انہوں نے بھی ایک سکور بنایا۔ محمد حفیظ 16 رنز بنا کر بنا پویلین لوٹے، تھامس نے انہیں آؤٹ کیا۔

پاکستان کی طرف سے آخری آئوٹ ہونے والے بیٹسمین وہاب ریاض تھے۔ انہوں نے 18 رنز بنائے۔ محمد عامر 3 سکور پر ناٹ آئوٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے تھامس نے 4 جبکہ ہولڈر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ آندرے رسل کے حصے میں دو وکٹیں آئی۔ کوٹریل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں کیریبین ٹیم نے شاندار آغاز کیا۔ کرس گیل نے حسن علی کو دوسرے اوورز میں ہی دو بلند بالا چھکے لگائے۔ تاہم کالی آندھی کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گری، فاسٹ باؤلر محمد عامر نے شائی ہوپ کو 11رنز پر آؤٹ کیا۔

ہولڈر الیون کی دوسری وکٹ 46 سکور پر گری، اس بار بھی محمد عامر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے انہیں صفر پر آئوٹ کیا۔ بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔ تیسری وکٹ کرس گیل کی گری ، وکٹ فاسٹ باؤلر محمد عامر کے حصے میں آئی، ہارڈ ہٹر بیٹسمین 34 گیندوں پر 6 چوکوں، 3 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ شاداب خان نے ان کا کیچ پکڑا۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے نکولس پوران نے 19 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے، ہٹمائر7 رنز بنا سکے۔ ویسٹ انڈیز نے ہدف 13.4 اوورز میں مکمل کر لیا۔ قومی ٹیم کی طرف سے محمد عامر 6 اوورز میں 26 رنز دیکر 3 وکٹیں لے سکے۔