کرکٹ ورلڈکپ: انگلینڈ نے جنوبی افریقہ پر دھاک بٹھا دی

Last Updated On 31 May,2019 10:20 am

لندن: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ پر دھاک بٹھا دی۔ 312 رنز کے ہدف میں پروٹیز ٹیم 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ڈی کوک اور وین ڈر ڈیوسن کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ آرچر، بین سٹوکس، پلنکٹ کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث مورگن الیون نے میچ بآسانی جیت لیا۔

انگلینڈ کی اننگز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انگلینڈ کی طرف سے جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا تاہم سپنر عمران طاہر نے پہلے ہی اوورز میں بیرسٹو کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔ جوئے روٹ نے روئے کیساتھ مل کر بیٹنگ کو سہارا دیا۔ دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم جیسن روئے 54 رنز بنا کر پھلواکیو کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔

تیسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین روٹ تھے جنہوں نے 51 سکور کی باری کھیلی اور ربادا کی گیند پر پویلین لوٹے۔ کپتان مورگن نے 60 گیندوں پر 57 کی باری کھیلی۔ جوز بٹلر 18 پر نگیڈی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بین سٹوکس نے سکور کو آگے بڑھایا تاہم دیگر بیٹسمین جلد آئوٹ ہوتے گئے۔ معین علی 3، ووکس 13 رنز بنا کر وکٹیں گنوا بیٹھے تاہم آل رائونڈر سٹوکس نے 79 گیندوں پر 89 سکور کی باری کھیلی۔ انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 311 رنز بنائے۔ سائوتھ افریقہ کی طرف سے نگیڈی نے 3، ربادا، عمران طاہر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، پھلواکیو نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

سائوتھ افریقہ کی اننگز۔۔۔۔۔
ہدف کے تعاقب میں ساؤتھ افریقہ کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، 38 کے سکور پر ہاشم آملہ 13 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند کا نشانہ بن گئے۔ ون ڈائون بیٹسمین ایڈم ماکرم بھی 11 پر فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر کی گیند پر روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

کپتان فاف ڈوپلیسی 5 رنز بنا کر آرچر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، 129 سکور پر وکٹ کیپر بیٹسمین ڈی کوک 68 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، ان کی وکٹ پلنکٹ لی، اس اننگز میں انہوں نے 6 چوکے اور دو چھکے لگائے۔

وین ڈر ڈیوسن کریز پر کھڑے رہے اور وکٹ کے چاروں طرف اچھی شارٹس کھیلی تاہم ان کے ساتھ دیگر بیٹسمین جلد آئوٹ ہوتے رہے، جین پال ڈومینی 8 رنز پر سپنر معین علی کو وکٹ دے بیٹھے۔ آرچر نے ڈیوسن کو 50 رنز بنا کر آؤٹ کیا۔

سائوتھ افریقہ آل رائونڈر پھلوالکیو 24 رنز بنا سکے۔ انگلینڈ نے یہ میچ 104رنز سے جیت لیا۔ آرچر نے تین، بین سٹوکس، پلنکٹ نے دو دووکٹیں حاصل کیں۔ عادل راشد اور معین علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ بین سٹوکس کو شاندار آل رائونڈنگ میچ کھیلنے پر مین آف دی میچ دیا گیا۔