پی ایس ایل اختتامی تقریب، نیوزی لینڈ شہدا کیلئے ایک منٹ کی خاموشی

Last Updated On 17 March,2019 09:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پی ایس ایل فور کی اختتامی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے جس میں نیوزی لینڈ میں شہید پاکستانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

 پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فور) کی اختتامی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور دیگر اہم شخصیات شریک اور سٹیڈیم میں موجود ہیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سانحہ نیوزی لینڈ کے لواحقین کو صبر دے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے وعدہ کیا تھا پی ایس ایل کراچی لائیں گے۔ انشا اللہ جلد پاکستان میں عالمی کرکٹ بھی بحال ہوگی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم جیتے پاکستان کی ہی جیت ہوگی۔ ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پولیس، رینجرز اور مسلح افواج مبارکباد کی مستحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں کا بھی میں بہت شکر گزار ہوں۔ امید ہے کہ اگلے سال کراچی، حیدر آباد، ملتان، کوئٹہ اور راولپنڈی میں بھی میچز ہوں گے۔ مراد علی شاہ نے اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سبی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں نے پی ایس ایل کو بہت سپورٹ کیا۔ سب سے بڑا انعام کراچی شائقین کو ملنا چاہیے۔ آج کراچی کے لیے تاریخی دن ہے۔ کراچی سٹیڈیم میں 28 ہزار سے زائد شائقین موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹیم بہتر کھیلے گی ٹرافی لے کر جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جو لوگوں کی زندگی میں خوشی لاتا ہے۔ ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم پاکستان کا بھی شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم کی کاوشوں سے پی ایس ایل کو شاندار کامیابی ملی۔ اس کے علاوہ مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس کا شکر گزار ہوں۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی اختتامی تقریب میں پاکستان کے نامور گلوکار ابرار الحق، آئمہ بیگ، فواد خان اور جنون گروپ نے اپنے گانوں سے تقریب کی رونق کو چار چاند لگائے۔