پاکستان سپرلیگ کی فرنچائز پشاورزلمی کی لندن میں بھی دھوم

Last Updated On 10 September,2018 04:49 pm

لندن: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول اور بڑی فرنچائز پشاور زلمی کی لندن میں بھی دھوم، لندن کی مشہور بسوں پر پشاور زلمی کی برانڈنگ کی گئی۔

پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول فرنچائز کی ایک اور کامیابی، لندن کی سڑکوں پر دوڑتی مشہور بس سروس پر پشاور زلمی کے لوگوز اور برانڈنگ کی گئی ہے۔ برطانیہ اور لندن میں موجود پشاور زلمی فینز اور پاکستانی کمیونٹی سے تعلق مزید گہرا کرنے اور پاکستان کرکٹ سے جوڑنے کے لیے پشاور زلمی اپنا کرداد ادا کر رہی ہے۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن اپنے فینز کی بدولت پاکستان سپر لیگ اور کرکٹ کے میدانوں میں ترقی کی نئی منزلیں طے کررہی ہے۔ لندن جیسے شہر میں وہاں کی بسوں پر پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کی برانڈنگ نہ صرف پشاور زلمی بلکہ پاکستان سپر لیگ اور پاکستان کرکٹ کے لیے باعث فخر ہے اور اس سے پاکستان سپر لیگ اور پشاور زلمی کو نئی پہچان ملے گی۔

جاوید آفریدی نے کہا کہ یہ برانڈنگ پاکستانی عوام کو تحفہ اور افواج پاکستان کو خراج تحسین ہے۔ لندن میں بسنے والے پشاور زلمی فینز پشاور زلمی کےلوگوز والی لندن بسز کے ساتھ سیلفرز اور تصاویر ٹوئٹر، فیس بک پر شئیر کرکے پشاور زلمی آفیشل مرچنڈائز جیت سکتے ہیں۔

لندن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے پشاور زلمی کو لندن بسز کی برانڈنگ میں پاکر خوشی کا اظہار کیا ہے اور سوشل نیٹ ورک ٹوئٹر اور فیس بک پر تصاویر شئیر کی ہے۔