بجلی کی قیمتوں میں 63 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان

Published On 18 December,2024 11:24 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں 63 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔

ذرائع کے مطابق نومبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی گئی ہے، نیپرا بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق 31 دسمبر کو سماعت کرے گا۔

اس سے قبل نیپرا ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مسلسل 4 بار بجلی کی قیمت میں کمی کر چکا ہے۔

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق گزشتہ ماہ 7 ارب 71 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی پیداواری لاگت 55 ارب 76 کروڑ روپے رہی، ایل این جی سے 23 روپے 20 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی جبکہ ایران سے 27 روپے 15 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔

کوئلہ سے بجلی کی پیداواری لاگت 14 روپے 92 پیسے رہی اور نیوکلیئر ذرائع سے ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، گزشتہ ماہ بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 7 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔