آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے سیلز ٹیکس چھوٹ کا مطالبہ مان لیا

Published On 17 December,2024 11:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے قومی ایئر لائنز پی آئی اے کی نجکاری کیلئے سیلز ٹیکس چھوٹ اور ایکویٹی لاسز ختم کرنے کے مطالبات مان لئے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی خریدار پارٹی کو نیشنل اور انٹرنیشنل روٹس کیلئے طیارے خریدنے یا لیز پر لینے کیلئے سیلز ٹیکس چھوٹ ہوگی، سیلز ٹیکس چھوٹ ملنے اور نقصانات ختم ہونے سے بڈنگ 250 ارب روپے سے لیکر کر 350 ارب روپے تک جا سکتی ہے۔

پی آئی اے کا تقریباً 660 ارب روپے کا قرض حکومت نے اپنے ذمہ لیکر ہولڈنگ کمپنی میں سٹاک کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے پی آئی اے کی نجکاری اور روزویلٹ ہوٹل کی فروخت سے ملنے والی رقم کو ادائیگیاں کرنے کیلئے سیٹل کیا جائے گا، پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے قرض کو سیٹل کرنے کیلئے بھی آئی ایم ایف کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل کی فروخت کیلئے 6 ماہ میں جوائنٹ وینچر قائم کر کے تقریباً 1 بلین ڈالرز تک فروخت کئے جانے کا تخمینہ لگایا گیا، وزیراعظم کو پی آئی اے کیلئے ٹیکس چھوٹ، نقصانات ختم اور روزویلٹ ہوٹل کی فروخت کیلئے جوائنٹ وینچر پر بریف بھی کیا گیا۔

یاد رہے کہ پہلے آئی ایم ایف نے صرف انٹرنیشنل روٹس کیلئے طیاروں کی خریداری یا لیز پر سیلز ٹیکس چھوٹ کی اجازت دی تھی۔

دوبارہ درخواست پر مقامی روٹس کیلئے طیاروں کی خریداری اور لیز پر حاصل کرنے کیلئے سیلز ٹیکس چھوٹ کی رعایت دی گئی، پی آئی اے کے لیز پر طیاروں کو ماہانہ تقریباً 81 لاکھ روپے تک سیلز ٹیکس چھوٹ کی سہولت حاصل ہو سکے گی۔