لاہور: (دنیا نیوز) پیٹرن انچیف یو بی جی و سابق صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ حکومت آئی پی پیز کیساتھ معاہدوں پر فوری نظر ثانی کرے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) میں آئی پی پیز کیساتھ معاہدوں پر سیمینار کا اہتمام کیا گیا، سابق وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور سابق وفاقی گوہر اعجاز نے سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پیٹرن انچیف یو بی جی و سابق صوبائی وزیر ایس ایم تنویر، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام بھی سیمینار میں شریک ہوئے، بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا کے ریجنل آفسز سے بھی عہدیدار زوم پر موجود رہے، سیمینار میں پنجاب کے تمام اضلاع کی ٹریڈ باڈیز کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ایس ایم تنویر نے کہا کہ اس وقت ملک میں کاروبار مہنگی ترین بجلی سے بری طرح متاثر ہیں، صنعت چلے گی تو روزگار بڑھے گا، کاروبار چلے گا تو معیشت چلے گی۔
سیمینار کے شرکا نے کہا کہ اس وقت تاجروں اور صنعتکاروں کیساتھ عوام تک بجلی کی قیمتوں سے پریشان ہیں، ایف پی سی سی آئی ان آئی پی پیز کے خلاف آواز بلند کرے ہم ساتھ دیں گے۔