رمضان المبارک کی آمد آمد، مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا

Published On 08 March,2024 05:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز)رمضان المبارک کی آمد سے قبل ملک میں مہنگائی کی لہر میں تیزی، رواں ہفتے کے دوران 14 اشیاء ضروریہ کے دام بڑھ گئے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مارچ کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 11 فیصد اضافہ ہوا جس کے باعث مہنگائی کا مجموعی پارہ 32 اعشاریہ 39 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا۔

رواں ہفتے میں پیاز، آلو، ٹماٹر، انڈے سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوگئیں، ایک ہفتے کے دوران پیاز فی کلو 60 روپے 1 پیسے مہنگا ہوا، فی کلو قیمت 178 روپے سے بڑھ کر 238 روپے ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران آلو فی کلو 13 روپے 36 پیسے مہنگے ہوئے، ٹماٹر فی کلو 19 روپے 26 پیسے ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 140 روپے 59 پیسے مہنگا ہوا، کیلے فی درجن 10 روپے 22 پیسے مہنگے ہوئے۔

ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی فی درجن قیمت میں 6 روپے 71 پیسے کا اضافہ، پیٹرول، جلانے کی لکڑی، بیف ،مٹن بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ، چکن، چائے ،بریڈ اور گڑ سمیت 14 اشیاء سستی بھی ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران چکن 31 روپے 6 پیسے فی کلو ، ڈالڈا کوکنگ آئل 26 روپے 2 پیسے سستا ہوا، چاول، چینی، مصالحہ دال مسور بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل، تازہ دودھ، دہی سمیت 23 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔