نگران وزیراعلیٰ سندھ کا کمشنر کراچی کو گرانفروشی کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

Published On 15 January,2024 05:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کمشنر کراچی کو گرانفروشی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

ترجمان کے مطابق کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر گرانفروشوں کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا، اتوار کو تمام اضلاع میں گرانفروشوں کے خلاف مہم شروع کی گئی۔

کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت کے مطابق 234 گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 13 لاکھ 90 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے، ضلع شرقی میں 11 گرانفروشوں کے خلاف 3 لاکھ 5 ہزار روپے جبکہ کورنگی میں 30 گراں فروشوں کو 22 ہزار 300 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

ضلع ملیر میں 69 گراں فروشوں کو 3 لاکھ 22 ہزار روپے جبکہ ضلع وسطی میں 29 گراں فروشوں کو 2 لاکھ 67 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا، ضلع غربی میں 27 گراں فروشوں کو 73 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔

ضلع کیماڑی میں 28 گراں فروشوں کو 65 ہزار روپے، ضلع جنوبی میں 40 گراں فروشوں پر تین لاکھ 36 ہزار500 روپے کا جرمانہ کیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف مہم جاری رکھی جائے، سرکاری نرخ کے نفاذ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ عوام کو ہر صورت ریلیف دینے کی پوری کوشش کریں گے، اس جرم سے معاشرے کو پاک کیا جائے گا۔