گیس کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

Published On 01 March,2024 10:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دیئے، گیس کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مہنگائی میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ہو گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.27 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مہنگائی کی مجموعی شرح 32.73 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ، 12 کی قیمتوں میں کمی اور 25 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت میں 265 روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں پیاز فی کلو 5 روپے اور انڈے فی درجن 3 روپے 27 پیسے مہنگے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں لہسن کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 69 پیسے کا اضافہ ہوا، گوشت، مٹن، دال مونگ، چینی، آلو مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔