ملتان: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
میپکو حکام کے مطابق ایک روز میں چیکنگ ٹیموں نے مزید 105 صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا اور 64 نئے مقدمات درج کئے گئے، بجلی چوروں کو 73 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جس میں سے 17 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ موقع پر وصول کیا گیا۔
میپکو حکام کی جانب سے گارڈن ٹاؤن سب ڈویژن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران اینٹوں والے بھٹے پر ڈائریکٹ تاروں سے چوری پکڑی گئی، بستی ملوک، مدینہ ٹاؤن وہاڑی اور گلشن آباد جامپور میں 6 صارفین بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے، صارفین میٹر باڈی ری فکس کر کے اور ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کر رہے تھے۔
میپکو ریجن میں ڈیفالٹر ٹیوب ویلوں کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا، 13 اضلاع میں 403 نادہندہ زرعی صارفین سے 6 کروڑ 44 لاکھ روپے وصول کئے گئے، جنوبی پنجاب میں 57 کروڑ روپے سے زائد واجبات اور بقایاجات کی عدم ادائیگی پر 1020 ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کر دی گئی۔
میپکو ٹیموں نے ڈیفالٹر ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمر اتار لئے، 11 کے وی جمپرز بھی منقطع کئے گئے۔