لاہور: (دنیا نیوز) بڑے بروکرز کی گرفتاری ہوئی نہ ہی چینی سستی ہو سکی، سستی چینی کا حصول 13 بڑے شوگر ڈیلرز کی گرفتاری سے مشروط ہو کر رہ گیا۔
13 بڑے شوگر بروکرز کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیوں میں بھی کوئی کامیابی نہیں مل سکی، رواں مہینے کے 20 ایام گزر گئے مگر سٹہ بازوں، شوگر مافیا کی گردن نہیں مروڑی جا سکی۔
لاہور کے 2 اور قصور کے ایک بروکر سمیت 13 بروکرز کو پکڑنے کی کوئی خبر نہیں آئی، افسران کی طرف سے خاموشی اور سب اچھا کی رپورٹ دی جا رہی ہے۔
ادھر تاحال عوام کی تکلیف جوں کی توں ہے، حکومتی اعلان کردہ 140 روپے فی کلو والی چینی کہیں بھی دستیاب نہیں ہے، صارفین 1 کلو کے 175 روپے ادا کرنے پر مجبور ہیں، شہریوں سے روزانہ کی بنیاد پر فی کلو 35 روپے اضافی وصول کئے جا رہے ہیں۔
بدنیتی شامل ہونے سے شہر میں چینی کی فی کلو قیمت 175 روپے ازخود وصول کی جا رہی ہے، سرکار کے 140 روپے فی کلو چینی ملنے کے دعوے ہوا میں اڑا دیئے گئے ہیں، حکومتی اعلان پر کہیں بھی عملدرآمد دکھائی نہیں دے رہا۔