مظفرآباد: (دنیا نیوز) عیدالفطر کے موقع پر آزاد کشمیر کے شہریوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کیلئے بھرپور مظاہرے کیے ہیں۔
دارالحکومت مظفر آباد میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مرکزی عیدگاہ کے باہر مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، مظاہرے میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، ممبر اسمبلی چودھری رشید سمیت سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک جابر اور غاصب ملک ہے، دنیا کو بھارتی دہشتگردی پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔
ہاتھوں میں بینرز اور کشمیر کے پرچم اٹھائے مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہیں مل جاتا جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے دنیا نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بھارت متنازع علاقے میں جی ٹونٹی کا اجلاس بلا کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے، وزیراعظم پاکستان، بلاول بھٹو اور فضل الرحمان اس موقع پر دنیا کو پیغام دیں کہ کشمیر ایک متنازع ریاست ہے جس کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فیصلہ ہونا باقی ہے۔