سمگلنگ کے ذریعے اربوں ڈالرز کا نقصان پہنچانے والوں کو سزا دیں گے: وزیر اعظم

Published On 17 April,2023 08:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی، گندم، آٹے اور یوریا کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ایف بی آر، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بریفنگ دی گئی، شرکاء کو بتایا گیا کہ یوریا کھاد اور چینی کی سمگلنگ روکنے کیلئے ملک گیر آپریشن جاری ہے، ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے گزشتہ روز 49 ٹرک پکڑے گئے، ایف سی نے بھی ہزاروں ٹن یوریا اور چینی سمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا کر اشیاء اپنی تحویل میں لیں۔

حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ سرحد پار سمگلنگ روکنے کیلئے جوائنٹ پیٹرولنگ ٹیمز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نشاندہی پر بلوچستان میں 4 جوائنٹ پیٹرولنگ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، حکومت گندم، آٹے، چینی اور یوریا کو آئٹمز قرار دے چکی ہے، وزیر اعظم نے سمگلنگ کو روکنے کے حوالے سے سست روی سے کام لینے پر برہمی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی چینی کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن کی منظوری

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے اشیاء ضروریہ کی بیرون ملک سمگلنگ کسی صورت قبول نہیں، یہ معاشرے کیلئے ناسور کی حیثیت رکھتا ہے، سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کیخلاف فوری آپریشن کیا جائے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل 2 دن کے اندر پیش کیا جائے، موجودہ صورتحال میں سمگلنگ برداشت نہیں کی جا سکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں چیک پوسٹوں کی تعدار بڑھائی جائے، ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والے گوداموں کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے، بارڈرز پر ایماندار افسران تعینات کیے جائیں، کرپٹ افسران کو ہٹاتے وقت کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے، سمگلنگ روکنے کیلئے ضروری قانون سازی کیلئے مسودہ جلد پیش کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بہاولپور: گندم سمگلنگ کی کوشش ناکام، 1200 سے زائد بوریاں برآمد

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اینٹی سمگلنگ کورٹس کو فوری طور پر فعال اور مؤثر بنایا جائے، اینٹی سمگلنگ کورٹس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے، خصوصی عدالتوں میں اعلیٰ شہرت یافتہ ججز کے ساتھ ساتھ پراسیکیوٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے، ملک کو اربوں ڈالرز کا نقصان پہنچانے والوں کو قرار واقعی سزا دیں گے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ چیف سیکرٹری صوبوں کے سرحدی اضلاع میں ان اشیاء کی طلب کے اعشاریے فراہم کریں تاکہ ان اضلاع میں رسد حد سے تجاوز نہ کرے، سمگلنگ کی روک تھام کے آپریشن کے دوران پکڑی جانے والی چینی اور یوریا کو بازار میں حکومت کے تعین شدہ نرخ پر فروخت کیا جائے۔