اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے ملک میں توانائی کی بچت اور تحفظ کے منصوبے کیلئے عالمی بینک سے قرض لینے کا منصوبہ تیار کرلیا۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق ملک میں توانائی کی بچت اور تحفظ کے لئے 10 سالہ قومی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
قومی توانائی بچت منصوبہ 4 حصوں پر مشتمل ہو گا، جس میں توانائی کی بچت والی عمارتوں کی تعمیر سرفہرست ہے، عمارتوں میں توانائی کے استعمال میں 25 فیصد کمی سے سالانہ 291 ارب روپے کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت کمرشل، صنعتی اور رہائشی عمارتوں کو بتدریج گیس سے بجلی پر منتقل کیا جائے گا، منصوبے کا پی سی ون اپریل 2023 میں منظوری کیلئے پیش کیئے جانے کا امکان ہے، یہ منصوبے حتمی منظوری کے بعد جون 2033 تک مکمل ہونگے۔
دستاویزات کے مطابق مجوزہ 10 سالہ قومی منصوبے پر 15 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی جس کے لئے عالمی بينک سے ساڑھے 13 کروڑ ڈالر قرض اور ڈیڑھ کروڑ ڈالر گرانٹ کی درخواست کی جائے گی۔