اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح انتہائی بلند سطح 44.58 فیصد ہو گئی۔
ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 83 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 23 اشیائے ضروریہ قیمتیں بڑھیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 47 روپے 42 پیسے بڑھ گئی، فی کلو ٹماٹر 110 روپے کی اوسط قیمت سے 157 روپے تک پہنچ گئے، پیاز کی فی کلو قیمت میں 35 روپے 6 پیسے کا اضافہ ہوا، آلو کی فی کلو قیمت 3 روپے 88 پیسے بڑھ گئی، انڈوں کی قیمتوں میں فی درجن 7 روپے 25 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 51 روپے 2 پیسے مہنگا ہوا، بچوں کے خشک دودھ کا 390 ملی گرام کا پیکٹ 8 روپے 57 پیسے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 48 پیسے کا اضافہ ہوا، گندم کا 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے تک مہنگا ہوا، دال مونگ، ماش، جلانے کی لکڑی بھی مہنگی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران صرف 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے دال مسور کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 91 پیسے کی کمی ہوئی، ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں 5 روپے 52 پیسے، چینی، کیلے، ڈالڈ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی جبکہ حالیہ ہفتے تازہ دودھ اور دہی سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔