اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح 0.82 کا اضافہ کے ساتھ 38 اعشاریہ 63 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 33 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پیاز، ٹماٹر، آلو، دالیں، لہسن، انڈے، تازہ دودھ، دہی کی قیمتیں بڑھ گئیں، پیاز کی فی کلو قیمت میں 18.79 روپے کا اضافہ ہوا اور فی کلو قیمت 75 روپے سے بڑھ کر 95 روپے تک ہو گئی، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 8.8 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فی کلو قیمت 74 روپے سے بڑھ کر 83 روپے تک ہو گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق آلو کی فی کلو قیمت 57.62 روپے سے بڑھ کر 60.52 روپے ہو گئی، دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 11 روپے، دال مسور 13.8 روپے کا اضافہ ہوا، ہائی سپیڈ ڈیزل 8 روپے 96 پیسے،ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 40 روپے 25 پیسے مہنگا ہوا۔
رواں ہفتے 20 کلو آٹے کا تھیلا بھی 2 روپے 58 پیسے تک مہنگا ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1217 روپے سے بڑھ کر 1220 روپے کا ہو گیا، ایک ہفتے کے دوران سگریٹ، بیف، صابن اور گڑ کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں، صرف 4 اشیا ضروری کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
برائلر زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 13روپے 76 پیسے تک کمی ریکارڈ کی گئی، رواں ہفتے کیلے، گھی اور پٹرول کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔