اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 0.43 فیصد بڑھ گئی ہے، ایک ہفتے میں ٹماٹر پیاز انڈوں سمیت پچیس اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، حالیہ ہفتے آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 106 روپے سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر 24 روپے 17 پیسے پیاز 8 روپے 24 پیسے فی کلو اور انڈے 4 روپے 98 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، زندہ مرغی کی قیمت 5 روپے 54 پیسےفی کلو بڑھی، دال مسور 3 روپے 24 پیسے فی کلو، اڑھائی کلو گھی کا ٹن 14 روپے 2 پیسے اور مٹن 3 روپے 80 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے دال مونگ ، ماش لہسن، آلو سمیت دیگر اشیاء بھی مہنگی ہوئیں جبکہ ایک ہفتے میں چار اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
بیس کلو آٹے کا تھیلا 106 روپے 94 پیسے، چینی 89 پیسے فی کلو، دال چنا 57 پیسے فی کلو سستی ہوئی، ایک ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔