اسلام آباد:(دنیا نیوز) عوام کے لئے اچھی خبر، مہنگائی میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی ریکارڈ ، شرح ایک اعشاریہ دو آٹھ فیصد کم ہوکر 15 اعشاریہ 42 فیصد پر آگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 45 روپے سے زائد، 20 کلو آٹے کا تھیلا 95 روپے 39 پیسے، لہسن 2 روپے 42 پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 5 روپے 46 پیسے سستا ہوا، چینی کی اوسط قیمت میں 71 پیسے فی کلو کی کمی آئی جبکہ 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، انڈے 2 روپے 21 پیسے درجن، مٹن 5 روپے 40 پیسے، بیف 2 روپے 51 پیسے اور زندہ مرغی 4 روپے 88 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال مسور 2 روپے 9 پیسے، دال ماش 2 روپے 4 پیسے اور پیاز 5 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، رواں ہفتے تازہ دودھ ، دہی، نمک اور چائے کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔