اسلام آباد :(دنیا نیوز) مہنگائی نے ایک مرتبہ پھر عوام کی نیندیں اڑا کر رکھ دیں، شرح میں 0.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 19 اشیاء کے نرخ بڑھے۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی، مہنگائی کی مجموعی شرح 15.23 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں ہفتے 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 25 روپے 95 پیسے کا اضافہ ہوا، برائلر مرغی کی فی کلو قیمت 279 روپے 55 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی، رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 217 روپے 57 پیسے مہنگا ہوا، گھریلو سلنڈر کی قیمت 2306 روپے بڑھ کر 2523 روپے تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران گھی کے پیکٹ کی قیمت 16 روپے 71 پیسے مزید مہنگی ہوئی، رواں ہفتے اڑھائی کلو گھی کا ٹن 38 روپے 56 پیسے مہنگا ہوا، مسٹرڈ آئل کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 33 پیسے کا اضافہ ہوا، رواں ہفتے خشک دودھ 5 روپے 69 پیسے مہنگا ہوگیا، گرم مصالحہ، دہی، چائے کی پتی، مٹن اور تازہ دودھ بھی مہنگاہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، رواں ہفتے ٹماٹروں کی فی کلو قیمت میں 37 روپے 28 پیسے کی کمی ہوئی، انڈوں کی فی درجن قیمت میں بھی 10 روپے 71 پیسے، پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے، لہسن، دالوں، چینی، پیاز اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی جبکہ چاول، جلانے کی لکڑی، ماچس سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔