اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بجلی 5 روپے فی یونٹ کم کرنے سے مہنگائی بڑھے گی، حکومت اپنے آخری دنوں میں عوام کو نام نہاد ریلیف دینے کی کوشش کررہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ دوسروں کونہ گھبرانے کا مشورہ دینے والے وزیراعظم خود گھبرائے ہوئے ہیں، وزیراعظم کی تقریر میں کی گئی باتوں کا بجٹ میں کوئی ذکر نہیں، پاکستان اضافی قرضے لیکر اس پروگرام کو پورا کرے گا، تقریباً 400 سے 500 ارب کے قرضے لینا پڑیں گے، مہنگائی کم ہونے کے بجائے مزید بڑھے گی اور اگلی حکومت کے لیے یہ مزید مشکلات پیدا کریں گے۔
اپنی پریس کانفرنس میں شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ کل وزیر اعظم نے ایک اور تقرر فرمائی، تقریر میں وزیر اعظم نے اپنی تمام پالیسیوں کی نفی کی اور کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کر رہی ہے، حقیقت اسکے برعکس ہے، پچھلے چارماہ میں تقریباً 40 روپے پٹرول، ڈیزل بڑھا تھا، 10 روپے پٹرول، ڈیزل کی کمی کو کہاں سے پورا کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ افسوس کی بات ہے جو حکومت 4 سال عوام کو کچھ نہ دے سکی، وہ اپنے آخری دنوں میں عوام کی ہمدردی لینا چاہتی ہے، پاکستان اضافے قرضے لیکر حکومت کے ان منصوبوں کو پورا کرے گا، حکومت قرضے لے گی تو روپیہ پر اثر ہوگا اور ہر چیز کی قیمت بڑھ جائے گی، ملک پر اثرات کی ان حضرات کو پرواہ نہیں ہے، عوام نے فیصلہ کردیا ہے جلد پارلیمان بھی عدم اعتماد پر فیصلہ کر دے گی۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھے گی، ملک پر قرضے بڑھیں گے اور عوام پر بوجھ بڑھے گا، انہیں یہ باتیں تب یاد آئیں جب اپوزیشن نے عدم اعتماد کی بات کی، ہماری حکومت نے کوئی بارودی سرنگ نہیں ڈالی تھی، اس حکومت نے ملک میں معیشت کی تباہی کی بارودی سرنگ ڈال دی ہے۔