اسلام آباد:(دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر میں رمضان المبارک کے موقع پر چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے حکومت نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے وفاق کے لیے 3 لاکھ ٹن اور پنجاب ، سندھ کے لئے 2 لاکھ ٹن چینی خرید کر اسٹاک میں رکھنے کی منظوری دیتے ہوئے پاسکو کو ہدایت کی ہے کہ 65 ارب روپے سے 12 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر رکھے جائیں۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ای سی سی نے چینی کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے چینی کے ذخائر کو تقویت دینے کی منظوری دی، وفاقی حکومت 3 لاکھ اور پنجاب اور سندھ 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی خریدیں گے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔
آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں پر سبسڈی 24 فروری سے 31 مارچ تک برقرار رہے گی، اجلاس میں افغانستان کو 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی سمری واپس لے لی گئی، افغانستان اور ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ معاہدے کے ضوابط کی اجازت دیدی گئی، پاسکو کو 65 ارب کی کریڈٹ لمٹ پر 12 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف دیدیا گیا جبکہ پاسکو 1950 روپے فی 40 کلوگرام کی شرح سے گندم خریدے گا۔
وزارت اقتصادی امور کیلئے 68.40 کروڑ کی پہلی قسط کی منظوری بھی دی، سندھ میں اقتصادی ترقی کے پلان کے لئے 2 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلئے پی ایس ڈی پی سے 20 کروڑ روپے کی گرانٹ اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کیلئے 45 کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔