677 ارب کی وصولی: نیپرا نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا

Published On 22 April,2021 05:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی صارفین سے 677 ارب روپے کی اضافی وصولیوں کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، نیپرا نے تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواستوں پر سماعت مکمل کر نے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق لیسکو، فیسکو اور آئیسکو کی جانب سے رواں مالی سال کیلئے مختلف ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مجموعی طور پر 676 ارب 90 کروڑ روپے وصولیوں کی درخواستیں دی گئیں۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے سب سے زیادہ 365 ارب 66 کروڑ 70 لاکھ روپے مانگے گئے، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کپمنی نے 269 ارب 5 کروڑ جبکہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 42 ارب 18 کروڑ 80 لاکھ روپے وصولیوں کی درخواست دی تھی۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت نیپرا ہیڈکوارٹرمیں ہونے والی سماعت میں اتھارٹی بجلی کمپنیوں کے حکام کے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ درخواستوں پر فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔