آئی ایم ایف کا دباؤ: 880 ارب روپے وصول کرنیکی تیاریاں، بجلی مزید مہنگی کرنیکا فیصلہ

Published On 20 March,2021 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ حکومت نے ایک مرتبہ پھر بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

دنیا نیوز کو موصول ہونے والی دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت 2023ء تک بجلی 4 روپے 60 پیسے فی یونٹ مہنگی کرے گی، مرحلہ وار بجلی مہنگی کرکے 880 ارب روپے وصول کیے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ جون 2021ء تک عوام کے لیے بجلی 2 روپے 55 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگی۔

دستاویز کے مطابق جون 2021 میں بجلی کا فی یونٹ 16 روپے 44 پیسے سے بڑھا کر 18 روپے 99 پیسے کیا جائے گا، سال 2022 میں بجلی مزید ڈیڑھ روپے مہنگی کی جائے گی، سال 2022 میں بجلی کا یونٹ 20 روپے 49 پیسے فی یونٹ کیا جائے گا۔

دستاویز کے مطابق سال 2023ء میں بجلی کا یونٹ 21 روپے 4 پیسے کردیا جائے گا، پاکستان نے آئی ایم ایف کو بجلی کی سبسڈی ختم کرنے کا روڈ میپ دے دیا، بجلی مہنگی کرنے کےلیے آرڈیننس تیار کرلیا گیا، آرڈیننس کا مسودہ کابینہ کی سرکولیشن سمری کے ذریعے منظور کیا گیا۔