اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے مختلف برانڈ کے گھی اور خوردنی تیل 5 سے 38 روپے کلو تک مہنگے کر دئیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف برانڈ کے درجہ اول، دوم اور سوم کا گھی 5 سے 38 روپے فی کلو مہنگا کر دیا گیا ہے۔ کوکنگ آئل، کینولا آئل اور سن فلاور آئل بھی 3 سے 37 روپے لیٹر مزید مہنگے ہو گئے ہیں۔ اضافے کے بعد یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی فی کلو قیمت 253 روپے جبکہ آئل کی قیمت 255 روپے لٹر تک پہنچ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 8.91 فیصد رہی، اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے باہر
یاد رہے کہ گزشتہ روز ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 8.91 فیصد جبکہ ستمبر 2020ٗ میں 9.04 فیصد تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2019ء میں مہنگائی کی شرح 11 فیصد تھی۔ جولائی تا اکتوبر 2020ء مہنگائی کی شرح 8.86 فیصد رہی۔ ماہانہ بنیاد پر شہری علاقوں میں ٹماٹر 48.36 فیصد جبکہ پیاز 39.07 فیصد مہنگا ہوا۔
چکن 26.62 فیصد، انڈے 23.81 فیصد، چینی 4.58 فیصد اور گندم کا آٹا 4.1 فیصد مہنگا ہوا۔ دیہی علاقوں میں ٹماٹر ماہانہ بنیادوں پر 64.99 فیصد مہنگا ہوا۔
دیہی علاقوں میں پیاز 58.39 اور انڈے 24.88 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ چکن 23.14 فیصد، چینی 4.89 فیصد اور گندم کی قیمت میں 5.54 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
جولائی سے اکتوبر تک آلو 66.9 فیصد مہنگے ہوئے۔ چار ماہ میں ٹماٹر 52 فیصد اور گندم 41.9 فیصد مہنگی ہوئی۔ دیہی علاقوں میں تازہ سبزیاں 4.06 فیصد جبکہ گندم کا آٹا 3.28 فیصد مہنگا ہوا۔ سالانہ بنیادوں پر شہروں میں ٹماٹر 66.93 فیصد مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق آلو 53.14 فیصد، گندم 52.21 فیصد، انڈے 43.32، دال مونگ 40.94 فیصد، دال ماش 35.64 فیصد، چینی 32.97 فیصد، گندم کا آٹا 24.67 فیصد، دال مسور 19.88 فیصد، چکن 18.22 فیصد مہنگا ہوا۔
دیہی علاقوں میں ٹماٹر سالانہ بنیاد پر 104.01 فیصد، آلو 61.02 فیصد، مصالحہ جات 53.69 فیصد، گندم 51.11 فیصد، انڈے 43.71 فیصد، دال مونگ 38.99، دال ماش 33.87 فیصد اور چینی 33.37 فیصد مہنگی ہوئی۔