اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا نوٹس کام نہ آیا۔ ملک میں مسلسل ساتویں ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا-ایک ہفتے میں چینی، آٹا،مرغی،انڈے اور ٹماٹر سمیت پچیس اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوگئیں۔ کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 200 روپے کلو تک پہنچ گئی جبکہ مختلف شہروں میں ایک ماہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت 100 روپے کلو تک کا اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی کا جن بے قابوہو گیا، مسلسل ساتواں ہفتہ بھی عوام کی جیبوں پر بھاری پڑ گی، ایل پی جی ، آٹا ، چینی ، مرغی اور انڈوں سمیت 25 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو گئیں۔ وزیر اعظم نے گزشتہ ہفتے مہنگائی میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اقدامات کا اعلان کیا لیکن عوام کو کوئی ریلیف نہ مل سکا۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے مہنگائی 0.45فیصد مزید ا ضافہ ہوا۔ برائلر مرغی 26 روپے روپے کلو، انڈے 9 روپے درجن جبکہ چینی کی قیمت میں 2 روپے 9 پیسے کلو کا اضافہ ہوا۔ ٹماٹر 4 روپے،دال ماش 2 روپے فی کلو ،20 کلوآٹے کا تھیلا 4 روپے جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 41روپے مہنگا ہوا- یہی نہیں ، گوشت,، چاول ،گھی ، تازہ دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بھی ا ضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں پیاز ،آلو، اور دالوں سمیت 9 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں جبکہ 17 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔