لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومت نے صوبے میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف اپوزیشن کی قرارداد کو کثرت رائے سے مسترد کر دیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی گونج سنائی دی۔ پیپلز پارٹی کے حسن مرتضٰی نے پولیس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیل کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری کے زیر صدارت ہوا۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضٰی نے گوجرانوالہ جلسے سے قبل پیپلز پارٹی کارکنوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پر وزیر قانون کی لاعلمی پر بھی حسن مرتضٰی خوب برسے۔
مسلم لیگ نواز کی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قرارداد کو حکومت نے کثرت رائے کی بنیاد پر مسترد کر دیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایوان کو بتایا کہ حکومت ادویات پر 32 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔