فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں گندم کا کوٹہ بحال نہ ہونے پر آٹا چکی مالکان نے بھوک ہڑتالی کیمپ لگا لیا۔ محکمہ خوراک کے دفتر کے باہر لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں درجنوں آٹا چکی مالکان شریک ہیں۔
کوٹہ ڈیڑھ ماہ قبل بند کیا گیا، کبھی ایک عذر تو کبھی دوسری دلیل، آٹا چکی مالکان کو تاحال کوٹہ نہیں ملا، جس پر چکی مالکان نے بھوک ہڑتالی کیمپ لگا لیا۔
سرکاری سطح پر 1475روپے کے عوض ملنے والی گندم کی سپلائی بند ہوئی تو اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 2300 روپے فی من اور آٹے کی قیمت 80 سے 85 روپے فی کلوگرام پر جا پہنچی۔
ادھر آٹا چکی مالکان بھی ڈٹ گئے، کہتے ہیں جب تک کوٹہ بحال نہیں ہو گا بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کہتے ہیں آٹا چکیوں کا کوٹہ بحال کرنے کیلئے سمری حکام کو بھیج دی گئی ہے۔ جلد گندم کی سپلائی بھی شروع کر دی جائے گی۔
کوٹہ بند ہونے سے نہ صرف کم مقدار میں آٹا خرید کر گزر بسر کرنے والے شہری مسائل کا شکار ہیں بلکہ آٹا چکی مالکان کو بھی مسائل کا سامنا ہے۔