فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ خوراک کی جانب سے آٹا چکیوں کا بند کیا گیا گندم کوٹہ تاحال بحال نہ کیا گیا جس پر آٹا چکی مالکان نے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ خوراک آفس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
محکمہ خوراک کی جانب سے بند کیا گیا آٹا چکی مالکان کا گندم کا سرکاری کوٹہ ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی بحال نہ کیا گیا۔ آٹا چکی مالکان 1475روپے فی من کے حساب سے ملنے والی سرکاری گندم بند ہونے سے اوپن مارکیٹوں سے 2300 روپے فی من گندم خریدنے پر مجبور ہیں جس پر آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔
گندم کی قیمتوں میں اضافے سے دیسی آٹے کی قیمت بھی 85 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے۔ معاملے پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر علی عمران کہتے ہیں کہ چکی مالکان کے گندم کوٹہ پالیسی میں ترامیم کی جا رہی ہیں، جلد انہیں گندم کی فراہمی بھی شروع کر دی جائے گی۔
شہری کہتے ہیں کہ گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے مستقل اقدامات اٹھائے جائیں تا کہ شہری سستے آٹے کی سہولت سے مستفید ہوسکیں۔