ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ماہ رمضان میں گراں فروشوں نے پھلوں کی قیمت میں کئی گنا تک اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کے لیے پھل خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے فعال نہ ہونے سے ماہ رمضان میں گرانفروشی عروج پر ہے جس کے باعث مارکیٹ میں سیب کی فی کلو قیمت 260 روپے سے 300 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ اسی طرح درجہ اول کا کیلا فی درجن 160 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، آڑو 160 روپے فی کلو، اسٹابری 170 روپے فی کلو، لوکاٹ 140 روپے فی کلو جبکہ سنڈھری آم 300 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
شہریوں نے آسمان سے باتیں کرتی پھلوں کی قیمتوں پر انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ماہ رمضان میں پھلوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں پر دکانداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار منڈی میں بیٹھے آڑھتی ہیں جو من مانے داموں پر اشیاء خورونوش فروخت کر رہے ہیں۔
مارکیٹ میں صرف پھل ہی نہیں بلکہ سبزیوں کے ساتھ ساتھ مرغی کے گوشت کی قیمت بھی 260 روپے فی کلو سے تجاوز کر چکی ہے جس سے شہریوں کی معاشی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔