اسلام آباد (دنیا نیوز) - پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم کا اہم اقدام، صوبوں کو مہنگائی میں کمی لانے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کردی، وزیر اعظم کہتے ہیں قیمتوں میں کمی کا ثمر عام افراد تک پہنچایا جائے،ہر صورت قیمتیں کم کروائی جائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے صوبائی حکومتوں کو پیغام دیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اشیاء کی قیمتوں میں کمی یقینی بنائی جائے، ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائز منافع خوری کے خلاف ایکشن لیا جائے، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ہر صورت قیمتیں کم کروائیں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف ایکشن لیا جائے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 سے 30 روپے کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے کمی ہوگئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 روپے فی لٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 80 روپے 25 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے فی لٹر کمی کی گئی، جس کے بعد تیل مٹی کی نئی قیمت 47 روپے 45 پیسے ہوگئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کی گئی۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مسترد کر دی اور حکومت کی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کو ناکافی قرار دے دیا۔
ایک بیان میں قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کی کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی پر پاکستان نے تیل نہیں خریدا جس کی سزا اور خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لیٹر کرے، عالمی منڈی سے انتہائی کم قیمت پر تیل نہ خریدنا حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نالائقی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی 50 فیصد یا کم از کم ایک تہائی کمی کی جائے، حکومت معاشی پیکیج دے سکتی ہے اور نہ ہی ریلیف، کم ازکم تیل کی قیمتوں کا فائدہ تو عوام کو دیا جائے۔