پشاور میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشرُبا اضافہ، ٹماٹر 130 اور ادرک 480 روپےکلو فروخت

Last Updated On 05 November,2019 01:11 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام کی قوت خرید جواب دے گئی۔ ٹماٹر 130 تو ادرک 480 روپے میں فروخت ہونے لگی، ڈیلروں نے افغانستان سے سبزی کی درآمد کو قیمتوں میں اضافے کی وجہ قرار دے دیا، شہری کہتے ہیں ٹماٹرصرف امیر لوگ ہی خرید سکتے ہیں۔

پشاور میں سبزیاں عوام کی قوت خرید سے باہر، ٹماٹر کی قیمت میں مزید اضافے کے بعد 130 روپے فی کلو ہوگئی،ادرک 480 روپے، سبز مرچ 240 روپے، مٹر 300 روپے، پیاز 100 روپے اور شملہ مرچ 300 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی۔

صوبے کے دیگر اضلاع اور بیرون ملک سے سبزیاں منگوانے والے ڈیلر بھی پریشان ہو گئے، کہتے ہیں ٹماٹر طورخم کے راستے افغانستان سے منگواتے ہیں۔ ایک ٹرالر پر پہلے 90 ہزار روپے خرچہ آتا تھا، اب ٹیکسز کے باعث ایک ٹرالر پر3 لاکھ روپے تک خرچہ آتا ہے جس سے قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

سبزی کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے شہریوں کو بھی صرف دور سے دیدار تک ہی محدود کر دیا، کہتے ہیں گوشت کے بعد سبزیوں کی خریداری بھی اب مشکل ہو گئی ہے۔

ڈیلروں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل منڈی میں روزانہ سو سے ایک سو بیس تک ٹرالر آتے تھے لیکن اب سبزی کے صرف چالیس تک ہی ٹرالر آتے ہیں۔