خیبرپختونخوا میں 85 کلو آٹے کی بوری میں 500 روپے اضافہ

Last Updated On 14 October,2019 12:16 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا، 85 کلو فائن آٹے کی بوری کی قیمت صرف 2 دنوں میں 500 روپے بڑھ گئی۔

پشاور کی آٹا مارکیٹ میں صرف 2 دنوں میں فائن آٹا اور معدہ کی 4 ہزار روپے میں فروخت ہونے والی 85 کلو کی بوری اب 4 ہزار 500 روپے میں فروخت ہونے لگی۔ آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت نے افغانستان سپلائی کی اجازت دینے سے مہنگائی کا ایک اور طوفان برپا ہوگا۔

حکومت کی جانب سے صرف ایک ہفتہ قبل ہی افغانستان کو آٹے کی سپلائی کی اجازات دی گئی ہے، اگر یہ ہی صورت حال برقرار رہی تو غریب آدمی دو وقت کی روٹی کو بھی ترسے گا، پشاور کے عوام نے بھی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔

افغانستان کو دیگر ممالک سے بھی آٹے کی سپلائی کی جاتی ہے تاہم پاکستان سے برآمد ہونے والا آٹا نا صرف کوالٹی میں بہتر ہوتا ہے بلکہ قیمت میں بھی سستا پڑتا ہے۔ آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے سے جہاں ایک طرف بحران کا خدشہ ہے وہیں روٹی کی قیمت میں بھی ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے۔