جنوبی پنجاب: کپاس پر کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کا حملہ شدت اختیار کر گیا

Last Updated On 12 July,2019 04:18 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل پر کیڑے مکوڑوں اور مختلف بیماریوں کا حملہ شدت اختیار کر گیا ہے جس کو کنٹرول کرنے کیلئے محکمہ زراعت کے اقدامات صرف واٹس ایپ گروپ تک ہی محدود رہ گئے ہیں۔

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں اڑتالیس لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت کی گئی ہے لیکن موجودہ صورتحال میں کپاس کی فصل پر سبز تیلہ، سفید مکھی، تھرپس اور گلابی سنڈی کا حملہ شدید ہو گیا ہے لیکن کیڑے مکوڑوں اور مختلف بیماریوں کے حملے کے باوجود محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی دینے کیلئے تاحال کوئی حکمت عملی تیار نہیں کی۔

رواں سال مقررہ ہدف سے 5 لاکھ ایکڑ رقبہ کم کاشت کر کے کپاس کا نیا ہدف 70 لاکھ 50 ہزار بیلز مقرر کیا گیا ہے لیکن کپاس پر مختلف بیماریوں کے حملے سے لاعلم صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ رواں سال کپاس کی فصل ہماری توقع سے بھی زیادہ بہتر ہے جس کیلئے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔

بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے پر کپاس پر گلابی سنڈی کا حملہ مزید بڑھ جائیگا جس سے کپاس کے پودے کی نشونما بھی کافی حد تک متاثر ہو گی۔