رحیم یار خان: اکبر ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 23 افراد جاں بحق

Last Updated On 12 July,2019 08:34 am

صادق آباد: (دنیا نیوز) رحیم یار خان کےقریب اکبر ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے میں 23 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

 حادثہ اتنا شدید تھا کہ مسافر ٹرین کا انجن اور تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ المناک حادثے کے بعد رحیم یار خان اور صادق آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ امدادی کاموں میں شرکت کیلئے پاک فوج کے جوان اور ہیلی کاپٹر بھی حادثے کی جگہ پر پہنچ گئے۔

وزیراعظم نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے جاں بحق مسافروں کے ورثا کیلئے 15 لاکھ امداد کا اعلان کر دیا۔ زخمیوں کو 3 سے 5 لاکھ روپے فی کس ملیں گے۔ انکا کہنا ہے کہ پرانے ٹریک اور سگنل سسٹم حادثات کا باعث بن رہے ہیں، غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے۔

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے حادثے پر وزیر ریلوے شیخ رشید سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو وزارت ملنے کے بعد 10 سے زائد حادثات ہوچکے ہیں، شیخ رشید مزید وزیر رہے تو ریلوے کا پشاور میٹرو جیسا حال ہو جائے گا۔