معیشت کی بہتری کیلئے ایک دو روز میں اہم اعلانات متوقع

Last Updated On 11 September,2018 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معیشت کی بہتری کے لیے ایک دو روز میں اہم اعلانات کریں گے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اداروں میں کرپشن کا خاتمہ کر کے اچھے افراد کو تعینات کیا جائے گا۔

معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اداروں میں کرپشن کا خاتمہ کرکے اچھے افراد کو تعینات کیا جائے گا، حکومت کی اولین ترجیح پانی کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔

پانی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ بھارت اور چین کتنے ڈیمز تعمیر کرچکے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے کبھی ڈیمز کی تعمیر پر توجہ نہیں دی جس کا کام نہیں تھا اُس نے کام شروع کرایا۔

چیف جسٹس نے ڈیم بنانے میں پہلا قدم اٹھایا، موجودہ حکومت کی اولین ترجیح پانی کے مسئلے کو حل کرنا ہے جس کے لیے ایک ڈیم پر اکتفا نہیں کرسکتے دو تین ڈیمز بنانے ہوں گے۔ پانی کا مسئلہ حل ہونے سے معیشت ترقی کرے گی۔