نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 4.25 فیصد اضافہ

Last Updated On 24 June,2018 06:16 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں اضافہ، مجموعی طور پر 563.9 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کیے گئے۔

رواں مالی سال 2017-18 کے دوران نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 4.25 فیصد کا اضافہ ہوا، جاری مالی سال کے دوران یکم جولائی سے 8 جون کے دوران نجی شعبہ کو مجموعی طور پر 563.9 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کیے گئے ہیں۔

سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال روایتی کمرشل بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو 378 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شعبہ کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 320.5 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال اسلامک بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں 45 فیصد کی کمی سے قرضوں کی فراہمی کا حجم 72.65 ارب روپے تک کم ہوگیا جبکہ گزشتہ مالی سال 132.307 ارب روپے کے قرضے نجی شعبہ کو جاری کیے گئے تھے۔