گورنر سٹیٹ بنک تعیناتی کیخلاف درخواست، وکیلِ استغاثہ کے دلائل مکمل

Last Updated On 27 April,2018 10:49 am

سینیٹر تاج حیدر سمیت 22 اپوزیشن سینیٹرز نے گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ کی تعیناتی کیخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں گورنر سٹیٹ بنک طارق باجوہ کی تعیناتی چیلنج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر خرم لطیف کھوسہ نے دلائل مکمل کئے، اگلی سماعت پر گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ کے وکیل دلائل دیں گے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سینیٹر تاج حیدر سمیت مختلف اپوزیشن پارٹیوں کے 22 سینیٹرز کی جانب سے گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ 22 سینیٹرز کی جانب سے بیرسٹر خرم لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ گورنر اسٹیٹ بنک کا تقرر آئینی طور پر صدر پاکستان نہیں کر سکتا۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد گورنر سٹیٹ بنک کی تقرری کا اختیار وزیراعظم یا کابینہ ڈویژن کو منتقل ہوا ہے، گورنر سٹیٹ بنک کی تقرری میں مسابقتی عمل کو نظرانداز کیا گیا، بیرسٹر خرم لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ عدالت غیر قانونی طور پر تعینات گورنر سٹیٹ بنک کی تقرری کو کالعدم قرار دے۔ طارق باجوہ سے زیادہ قابل اور لائق شخصیات پاکستان میں موجود ہیں۔

وکیل درخواست گزار بیرسٹر خرم لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل مکمل کر لیے ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت میں گورنر سٹیٹ بنک طارق باجوہ کے وکیل دلائل دیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کردی۔