ملکی تاریخ میں پہلی بار مئی کے مہینے میں کاٹن جننگ سیزن کا آغاز

Last Updated On 31 May,2018 04:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملکی تاریخ میں پہلی بار مئی کے مہینے میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز، کاٹن جنرز فورم کے مطابق تاریخ میں پہلی بار کاٹن سیزن کے آغاز میں قیمیتں 8 ہزار فی من سے تجاوز کرگئی ہیں۔

سندھ کے ساحلی شہروں بدین، گھارو، ٹھٹھہ، ٹنڈوبھاگو، میرپورساکرو اور چوہڑ جمالی میں غیر متوقع طور پر کپاس کی چنائی پہلے کے مقابلے میں جلد شروع ہونے کے باعث ان علاقوں میں ایک جننگ فیکٹری نے کام شروع کر دیا ہے۔

کاٹن جنرز فورم کے مطابق ایک دو روز میں سندھ اور پنجاب میں پانچ سے زائد جننگ فیکٹریاں آپریشنل ہونے کے امکانات ہیں۔ اس وقت روئی کی خرید و فروخت 8 ہزار 100 روپے فی من ہوچکی ہے، جو ملکی تاریخ میں کسی بھی کاٹن سیزن کے آغاز کے تیز ترین نرخ ہیں۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے دنیا نیوز کو بتایا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کے رجحان اور سوتی دھاگے کی قیمتوں میں بھی مسلسل تیزی کے باعث کپاس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سندھ کے ساحلی علاقوں میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار پچھلے سال کے مقابلے میں 10 سے 15 فیصد زائد ہیں۔