کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نے صوبے میں حکومت سازی کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ بی این پی عوامی کی حمایت کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کے حمایتوں کی تعداد 25 ہو گئی۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال اور بی این پی عوامی کے نائب صدر احسان شاہ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کی، جس میں بی این پی عوامی نے حکومت سازی کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا۔
بی این پی عوامی کے دو ارکان کی حمایت کے بعد بی اے پی کو صوبے میں 25 ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ حکومت سازی کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی کو اب صرف ایک مزید رکن کی حمایت درکار ہے۔
اس موقع پر جام کمال کا کہنا تھا کہ بی اے پی مرکز میں حکومت سازی کیلئے تحریکِ انصاف کی حمایت کرتی ہے، ہمارا سینیٹ انتخابات میں اتحاد کا اچھا تجربہ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی این پی مینگل اور ایم ایم اے سے بھی مشاورت جاری ہے۔
پریس کانفرنس میں بی این پی عوامی کے وائس صدر احسان شاہ نے حکومت سازی کیلئے بی اے پی اور قائدِ ایوان کیلئے جام کمال کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس سے پہلے اے این پی کے 3، ایچ ڈی پی کے 2 اور تین آزاد امیدوار بھی حکومت سازی کیلئے بی اے پی کی حمایت کر چکے ہیں۔