اپوزیشن کا اجلاس: مولانا فضل الرحمان بھی پارلیمنٹ میں جانے پر راضی

Last Updated On 31 July,2018 12:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اتفاق کے بعد مولانا فضل الرحمان کی رضامندی سے گرینڈ اپوزیشن الائنس کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ میں حلف اٹھانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اپوزیشن کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے اصرار پر اپوزیشن جماعتوں نے حکومتی نمبر گیم کو آن رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق اپوزیشن اجلاس میں چیئرمین سینیٹ اور صدرِ مملکت انتخاب میں اپوزیشن کی مضبوط پوزیشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بلوچستان کی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے اور ساتھ شامل کرنے کی کوشش پر بھی اتفاق اور اپوزیشن گرینڈ الائنس کی صورت میں مرکزی حکومت کی نمبر گیم کے آپشنز پر بھی بات چیت کی گئی۔

یاد رہے کہ کچھ دن قبل انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور نتائج میں تاخیر کے معاملے پر کُل جماعتی کانفرنس ہوئی تھی جس میں مولانا فضل الرحمان اور اسفندیار ولی نے پارلیمنٹ کا حلف نہ اٹھانے کی تجویز دی تھی۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا تھا کہ حالیہ انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی، الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہا، جمہوریت کو یرغمال نہیں بننے دیں گے، ہم دوبارہ انتخابات کیلئے تحریک چلائیں گے، چوروں اور لٹیروں کو ایوان میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔

اے این پی سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ بائیکاٹ کا کامیاب طریقہ یہی ہے تمام جماعتیں حلف نہ اٹھائیں۔ اس تجویز کی حامی پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال نے بھی کی۔

اجلاس میں ایم کیو ایم کا موقف بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا تھا کہ تجویز کی حمایت کرتے ہیں لیکن ہم ڈسے ہوئے بھی ہیں، تمام جماعتیں متفقہ فیصلہ کرینگی تو ساتھ دیں گے۔