اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کی مرکز میں حکومت سازی کیلئے قومی اسمبلی میں نمبر گیم پوری دکھائی دیتی ہے۔ تحریکِ انصاف، اتحادی اور آزاد ارکان مل کر تعداد 137 ہو گئی، ایم کیو ایم تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر سکی، اپوزیشن 126 ووٹوں کے ساتھ کافی پیچھے ہے۔
الیکشن 2018ء میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کی 116 نشستیں جیتیں ہیں۔ عمران خان، طاہر صادق اور سرور خان کو چھ نشستیں چھوڑنا پڑیں گی، اس کے بعد 110 سیٹیں بچیں گی۔
چودھری پرویز الہیٰ بھی دو میں سےایک سیٹ چھوڑ دیں گے، یوں ق لیگ کے تین ووٹ ہوں گے۔ آزاد حیثیت میں جیتنے والے تیرہ ارکان، بلوچستان عوامی پارٹی کے 4، جی ڈی اے 2، بی این پی 3، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک ایک نشست مل کر تعداد 137 ہو جائے گی۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں میں سے ن لیگ کے ارکان کی تعداد 64 ہے۔ پیپلز پارٹی کے 43، ایم ایم اے 12 اور اے این پی کا ایک رکن ملا کر تعداد 126 بنتی ہے۔ ایم کیو ایم کے قومی اسمبلی میں چھ ارکان کا بھی روایتی طور پر حکومت کے ساتھ جانے کا امکان ہے۔