پنجاب میں حکومت سازی، پی ٹی آئی کا 180 ارکان کی حمایت کا دعویٰ

Last Updated On 31 July,2018 11:27 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب میں حکومت سازی کے لئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو آزاد اور مسلم لیگ قائداعظم کے ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔

مسلم لیگ (ق) نے حکومت سازی کیلئے تحریکِ انصاف کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ چودھری شجاعت حسین نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں کیا،۔

اس موقع پر چودھری شجاعت نے کہا کہ ملکی مفاد میں مسلم لیگ (ق) عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کرتی ہے، ملکی حالات تقاضا کرتے ہیں کہ اس وقت عمران خان کا ساتھ دیا جائے۔

پاکستان مسلم لیگ قائدِاعظم کے وفد کی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے بتایا کہ ہم نے پنجاب اور وفاق میں حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ نمبر گیم کو پورا کر لیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاق میں حکومت بنانے کیلئے پی ٹی آئی کے پاس 168 جبکہ پنجاب حکومت کیلئے ارکان کی تعداد 180 ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 14 آزاد ارکان تحریکِ اںصاف میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ 4 اراکین بھی جلد اس کا حصہ ہونگے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ آج چودھری شجاعت حسین کی سربراہی میں قاف لیگ کے وفد نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے خصوصی ملاقات کی اور اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ قاف لیگ کے ساتھ ہمارا فارمولہ طے پا گیا ہے، ہم وفاق اور پنجاب میں اپنی حکومت بنائیں گے جبکہ بلوچستان میں مخلوط حکومت بنے گی۔

پی ٹی آئی ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے میں ابھی اکیس دن باقی ہیں، ہم مطلوبہ تعداد سے کافی آگے ہیں، اس میں وقت کیساتھ ساتھ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں مختلف لابنگ ہوتی ہے تاہم وزیرِاعلیٰ پنجاب کا فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔

دوسری جانب جہانگیر ترین، چودھری سرور اور عبدالعلیم خان کے پنجاب میں آزاد امیدواروں کو ٹیم میں شامل کرنے کیلئے رابطے اور ملاقاتیں جاری ہیں۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کی بھی صوبے پر دوبارہ حکمرانی کیلئے دھوڑ دھوپ جاری ہے لیکن اب تک صرف ایک آزاد رکن جگنو محسن نے ہی شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔