کراچی: (روزنامہ دنیا) ملک بھر میں عام انتخابات 2018 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں نئے نئے ریکارڈز بھی بن رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک ریکارڈ سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے بھی بنا دیا ہے جو ایک ہی حلقے کی جنرل نشست سے مسلسل 5 بار الیکشن جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
گزشتہ طویل عرصے سے پیپلز پارٹی کے ٹکت پر الیکشن لڑنے والی فہمیدہ مرزا اس بار گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے پلیٹ فارم سے اپنے آبائی حلقے این اے 230 بدین کی نسشت پر کھڑی ہوئیں اور فتحیاب بھی ہوئیں۔
فہمیدہ مرزا نے پیپلز پارٹی کے امیدوار رسول بخش چانڈیو کو معمولی ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ فہمیدہ مرزا نے سال 1997 سے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا اور سال 2008 کے انتخابات کے بعد وہ قومی اسمبلی کی سپیکر بھی رہ چکی ہیں اور وہ اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔ ان کے شوہر ذوالفقار مرزا بھی اہم حکومتی عہدوں پر فائز رہے۔