مولانا جیسے چاہیں نتائج کی جانچ پڑتال کیلئے تیار ہوں: علی امین کا چیلنج

Last Updated On 28 July,2018 03:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ 38 ڈیرہ اسماعیل خان سے کامیاب تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور نے اپنے مد مقابل مولانا فضل الرحمان کو نتائج کی جانچ پڑتال یا دوبارہ الیکشن کی پیشکش کر دی۔

علی امین گنڈا پور کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جیسے چاہیں نتائج کی پڑتال کرا لیں، ووٹوں کی گنتی کیلئے بھی تیار ہیں، مولانا فضل الرحمان کو دوبارہ الیکشن کروانے کا شوق ہے تو وہ بھی پورا کریں گے، ان کی مرضی کےانتظامات کئے جائیں تو بھی مقابلہ کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی بے حسی اور شرارت کی سیاست دفن کرنے کاپختہ عزم ہے، لیکن مولانا دوبار انتخاب میں اترنے کی حماقت نہیں کریں گے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اب شکست کا مارجن دوگنا ہوگا، مولانا فضل الرحمان میں دم ہے توشرارتوں کی بجائے میدان میں نکلیں، ان کی مقبولیت کا سارا بخار اتاردیں گے۔