اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان سے بنی گالہ میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق، ڈاکٹر یاسمین راشد پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی مضبوط امیدوار ہیں پی ٹی آئی ارکان کی بڑی تعداد یاسمین راشد کی حامی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ڈاکٹر یاسمین راشد کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات بنی گالہ میں ہوئی، جس میں پارٹی کی جیت کے بعد حکومت سازی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے حلقہ این اے 125 کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی۔
خیال رہے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اپ ڈیٹ کے مطابق ای سی پی کو اب تک نیشنل اسمبلی کی 230 جبکہ صوبائی اسمبیلیوں کی 500 نشستوں کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جو کہ مجموعی تعداد کا 86.8 فیصد ہے۔
قومی اسمبلی کی 230 نشستوں کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف 116 سیٹوں کے ساتھ پہلے، پاکستان مسلم لیگ (ن) 64 سیٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 43 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
ان جماعتوں کے علاوہ متحدہ مجلس عمل 12، پاکستان مسلم لیگ (ق) 4، بلوچستان نیشنل پارٹی 3، متحدہ قومی موومنٹ 6 اور بلوچستان عوامی پارٹی 2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔